بغداد،2جون(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کی سیکیورٹی فورسز نے شمالی شہر موصل کے مغربی حصے میں داعش کے خلاف جاری آپریشن میں الشفاء کالونی سے مزید اجتماعی قبر دریافت کی ہے جس میں خواتین سمیت 60افراد کی باقیات ملی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق الشفاء کالونی سے ملنے والی اجتماعی قبر میں بیشتر میتیں خواتین کی ہیں جنہیں داعشی جنگجوؤں نے اجتماعی طورپر موت کے گھاٹ اتار کر یہاں دفن کردیا تھا۔یمن کے عسکری ذریعے کا کہنا ہے کہ الشفاء کالونی سے اجتماعی قبر ایک ایسے وقت میں ملی ہے جب شہر میں داعش کے خلاف عراقی سیکیورٹی فورسز کا آپریشن آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ شہر کی تنگ گلیوں میں شدید لڑائی کی بھی اطلاعات ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ موصل میں سامنے آنے والی اجتماعی قبر میں جن خواتین کی لاشیں ملی ہیں وہ عراق کی سابقہ سرکاری ملازمات ہیں، ان میں بعض وکلا خواتین کی لاشیں بھی شامل ہیں جنہیں داعش نے نہایت بے رحمی اور تشدد کرکے ہلاک کرنے کے بعد اجتماعی قبر میں دبا دیا تھا۔